دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) شائقین کرکٹ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی مقبولیت کے بعد اب ٹی 10 ٹورنامنٹ کیلئے بھی تیار ہو جائیں۔ خبریں ہیں کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ٹی 10 کرکٹ لیگ شروع ہونے جا رہی ہیں جس کی بھرپور تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے نام حصہ لیں گے جن میں شاہد خان آفریدی، کرس گیل، وریندر سہواگ اور کمار سنگاکارا سرفہرست ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی 10 ٹورنامنٹ میں 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں ٹیم پنچابیز، ٹیم پختونز، ٹیم مراٹھا، ٹیم بنگالز، ٹیم لنکنز، ٹیم سندھیز اور ٹیم کیرالائٹس شامل ہیں۔ٹی 10 لیگ میں کھیلے جانے والے میچز 10 اوورز پر محیط ہوں گے جس کا دورانیہ تقریبا 90 منٹ ہو گا۔ ایونٹ کا آغاز ممکنہ طور پر 21 دسمبر کو ہو گا جو 24 دسمبر تک جاری رہے گا جبکہ تمام میچز شارجہ کرکٹ گرانڈ میں کھیلے جائیں گے۔ٹی 10 کرکٹ لیگ کے صدر شجی الملک کا کہنا ہے کہ انہیں اس لیگ سے خاصی توقعات وابستہ ہیں اور وہ کافی پرجوش ہیں۔ اس لیگ میں شائقین کرکٹ کو تیز رفتار اور ایکشن سے بھرپور کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ امید ہے کہ لیگ کے میچز کے دوران اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچا بھرا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ سے فٹبال اور دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ میچ کا دورانیہ بھی 90 منٹ تک محدود ہو جائے گا۔