اوول(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی چیمپیئئنز ٹرافی کے فائنل معرکے میں محمد عامر نے بھارتی سورماوں کو اپنی پیس کے ساتھ سوئنگ ہوتی ہوئی گیندوں سے تنگڑی کا ناچ نچا دیا۔اوول کے میدان پر روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گئے فائنل معرکے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان نے بھارت کے سامنے 339 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف رکھ دیا۔
تاہم پہلی اننگز کے خاتمے پر بھارت کی بیٹنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ اس ٹوٹل کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیکن محمد عامر کے ارادے کچھ اور ہی تھی انہوں نے اپنی تیز اور گھومتی ہوئی گیندوں کے ذریعے روہت شرما کو محض پہلے اوور کی تیسری گیند پر ہی صفر کے اسکور پر پویلین روانہ کردیا۔جس کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی میدان میں آئے وہ بھی عامر سے کافی خوفزدہ دکھائی دیئے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کا کیچ بھی ڈراپ ہوا لیکن وہ پھربھی نہ سنبھل سکے اور اگلی ہی گیند پر پھر کیچ دے بیٹھے۔عامر کے تیسرے شکار شیکھر دھون تھے جنہوں نے دوسرے بولروں کے خلاف کچھ مزاحمت کرتے ہوئے اکیس رنز تو بنائے مگر عامر کے خلاف بچ نہ سکے اور پویلین کو لوٹ گئے جس کے تمام بولرز کا کام آسان ہوگیا اور سب نے مل کر بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔