لندن(این این آئی) آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی میں مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے حسن علی نے کہا ہے کہ اتنا بڑا اعزاز حاصل کرنا میرے لئے زندگی کا یادگار ترین لمحہ ہے اور اس کی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا، میں نے محنت کی اور اللہ تعالیٰ نے اس محنت کا اجر دیا۔آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کے دوران13وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ بننے کے موقع پر نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی بھی دباؤ نہیں لیا۔ میں نے محنت کی اپنے باؤلنگ اٹیک کو
روزانہ بہتر کرنے کی کوشش کی۔ میں شروع سے ہی اپنی غلطیوں پر غور کرتا رہا ہوں اور اپنے غلطیوں کو سدھارتے ہوئے میں اس مقام پر پہنچا ہوں ، آئندہ بھی میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کروں گا۔قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے لئے دعا کی اور اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ جس نے مجھے اس مقام پر پہنچایا۔پاکستان کے مایہ ناز باؤلر حسن علی کو چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں لینے پر گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا اور انہیں پلیئر آف دی میچ بھی قرار دیا گیا ۔