لندن (آئی این پی)چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ٹاکرا روائیتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان(آج)اتوار کو ہوگا،میچ میں اشتہارات کی دنیا کے ماہرین کے مطابق اس فائنل میچ کے دوران ٹی وی اشتہارات سے تقریبا 500 کروڑ کی کمائی ہونے کا اندازہ ہے۔یعنی فائنل میں 100 اوور کے میچ میں ہر ایک اوور میں تقریبا پانچ کروڑ کی کمائی کی امید ہے۔انڈیا اور پاکستان کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی میں چار جون کو پہلے مقابلے کے دوران ٹی وی نشریات کمپنی نے دس سیکنڈ کا اشتہار دکھانے کے لیے 25 لاکھ چارج کیے تھے۔
سٹار ٹی وی کے مطابق چار جون کو ہونے والے انڈیا اور پاکستان کے مابین چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ کو 20 کروڑ سے بھی زیادہ لوگوں نے دیکھا۔اس ایک میچ کا تقابل کیا جائے تو ڈیڑھ ماہ تک چلنے والی 60 میچوں والے آئی پی ایل کو تقریبا 40 کروڑ ناظرین نے دیکھا تھا۔کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ اور اہم میچ میں ٹی وی نشریات کمپنی اشتہارات کے لیے 10 فیصد سلاٹ ریزرو رکھتی ہے۔ سیدھے لفظوں میں کہا جائے تو بڑے میچوں میں جو زیادہ پیسہ دے گا، اس کے لیے دروازے کھلے ہیں۔