لاہور/لندن (آئی این پی)پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی چیمپئنزٹرافی فائنل سے قبل سوشل میڈیا پر سابق کھلاڑی اور مشہور شخصیات پیغامات دے رہی ہیں جس پر دلچسپ بحث اور تبصرے ہورہے ہیں۔سپر اسٹار شاہد آفریدی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بھارت نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اب کرکٹ کے سب سے بڑے میچ کا انتظار ہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنا تحمل برقرار رکھے اور فوکس ہوکر کھیلے۔
بس ایک اور جیت۔سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے ٹویٹ کیا کہ اچھی کوشش کی پوتے۔ سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے بہترین کوششیں کیں۔ گھر کی ہی بات ہے۔ فادرز ڈے پر بیٹے کے ساتھ فائنل ہے۔ مذاق کو سنجیدہ مت لیجیے گا۔سہواگ کی اس ٹویٹ سے جہاں بہت سے لوگوں نے لطف اٹھایا تو بہت سے افراد انہیں یہ مشورہ بھی دیتے نظر آئے کہ اتنے بڑے کرکٹر کی جانب سے اس طرح کا تبصرہ زیب نہیں دیتا ہے۔معروف اداکار رشی کپور سوشل میڈیا پر کچھ بھی کہنے سے نہیں کتراتے، تاہم اس کے باعث انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اورایسا ہی کچھ اس بار بھی ہوا۔انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل تک رسائی کے بعد رشی کپور نے ٹوئٹر پر ایسے پیغامات شیئر کیے جس میں انہوں نے ٹیم پاکستان کو بھارت کے ساتھ فائنل میچ کھیلنے پر تیار رہنے کو کہا۔دلچسپ بات یہ تھی کہ اس وقت تک بھارت ٹیم فائنل میں پہنچی بھی نہیں تھی، جس کے باعث اداکار کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔