لندن (آئی این پی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل کے سرفرازاحمد کے حوالے سے دیے گئے بیان کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے ‘احمقانہ’ قرار دے دیا۔انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گنگولی نے عامر سہیل کے بیان پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘یہ بیان احمقانہ،مضحکہ خیز ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘جس نے اپنے ملک کے لیے کرکٹ کھیلی ہو اور ٹیم کی قیادت کی ہو
اس کو اپنی ٹیم کو جس طرح وہ فائنل تک پہنچنے ہیں اس پر داد دینی چاہیے’۔گنگولی نے چمپیئنزٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘ان کے ساتھ کوئی تعاون نہیں، کوئی اسٹرکچر نہیں، فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوتی، ان کے ہوم گرانڈ میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہورہی اور دیکھیے انھوں نے کس کو ہرایا ہے، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور انگلینڈ کو شکست دے کر چمپیئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے’۔بھارتی ٹیم کے سابق کپتان نے عامر سہیل کے بیان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں نے اس کو مکمل طور پر مضحکہ خیز پایا اور میں عامر کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں کیونکہ ہم دوست رہے ہیں لیکن انھیں یہ سب کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہوگا۔شاہینوں نے کوہلی الیون کو گھیرے میں لینے کی حکمت عملی بنا لی،فیصلہ کن معرکے میں شاداب خان کی جگہ محمد عامر یا فہیم اشرف کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔فائنل سے قبل قومی ٹیم نے اوول کر کٹ گراؤنڈ پر سخت پریکٹس کی۔گرین شرٹس نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی تھی جبکہ بلو شرٹس نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹ سے ہرایا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بولرز نے انگلینڈ کےخلاف بہترین کارکردگی دکھائی، فیلڈرز بھی بھرپور ساتھ دے رہے ہیں،
بیٹنگ کی فارم بھی لوٹ آئی، سیمی فائنل میں سینئرز اظہر علی اور محمد حفیظ کے ساتھ بابر اعظم نے بھی عمدہ پرفارم کیا، فخر زمان مسلسل ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کر رہے ہیں،امید ہے کہ یہی جذبہ اور کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے فائنل بھی جیتیں گے۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ بیٹنگ اتنی مستحکم ہے کہ مڈل آرڈر کو میدان میں اترنے کی زحمت ہی کم کرنا پڑتی ہے، ٹیم تسلسل کے ساتھ بڑے اسکور بنا رہی ہے، بولرز بھی اچھی فارم میں ہیں،
سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن کو کسی موقع پر بھی کھل کرنہیں کھیلنے دیا، پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ بڑا ہوتا ہے لیکن ایک متوازن اسکواڈ کی موجودگی میں ہمیں ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہونی چاہیے۔پاکستان ٹیم کے ساتھ میچ کا اضافی دبا ؤہونے کے سوال پر ویرات کوہلی نے کہا کہ بلو شرٹس پہلے بھی کئی بڑے مقابلوں میں پریشر جھیل کر سرخرو ہو چکے، میرا نہیں خیال کہ اس بار بھی ان کو کوئی پریشانی ہو گی، تمام کھلاڑی فائنل میچ کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔