کارڈف (یو این پی) پاکستان ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کھیلنے کے لئے اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ جیتنا ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کی صورتحال کے مطابق پاکستان، بھارت اور سری لنکا تینوں ٹیموں کے لئے آئندہ میچ کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے جو ٹیم اپنا آئندہ میچ جیتے گی وہ میگا ایونٹ کا سیمی فائنل میچ کھیلنے کی حقدار ٹھہرے گی۔ اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ تینوں ٹیموں کے آئندہ میچز انتہائی سخت اور کانٹے دار ہونگے
اور شائقین کرکٹ کو کانٹے دار میچز دیکھنے کو ملیں گئے۔ پاکستان ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 12 جون کو سری لنکا کے خلاف کارڈف کے مقام پر کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ڈے ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ یونی ویژن نیوز کے مطابق پاکستان ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے میچ جیتنا ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم گروپ بی میں ہے اور ایک میچ جیت کر پوائنٹ ٹیبل پر دو پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کے بعد تیسرے نمبر پر ہے اور اب صورتحال یہ ہے کہ گروپ بی کی چاروں ٹیمیں دو دو پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب بھارت پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، سری لنکا تیسرے اور پاکستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر جو ٹیم اپنا آئندہ میچ جیتے گی وہ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریگی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 14 جون کو کھیلا جائیگا، دوسرا سیمی فائنل میچ 15 جون کو جبکہ فائنل میچ 18 جون کو کھیلا جائیگا۔