ملتان(آئی این پی)پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم ملتان کے نام سے ہو گی،دبئی کے پراپرٹی گروپ نے چھٹی فرنچائز 5.2 ملین ڈالرز سالانہ میں خرید لی۔ملتان اور جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ نے پی ایس ایل میں نئی ٹیم کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم ملتان کے نام سے ہو گی۔ لیگ کے لئے چھٹی فرنچائز شون گروپ نے خرید لی۔
پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کے لئے بولی کا عمل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، شون گروپ نے ملتان کی فرنچائز5.2ملین ڈالرز سالانہ میں خرید لی۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اب چھ ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ ملتان کی ٹیم اب تک فروخت ہونے والی پی ایس ایل کی مہنگی ترین فرنچائز ہے۔ چھٹی فرنچائز خریدنے کے لئے مجموعی طور پر 30 کمپنیاں میدان میں آئی تھی۔پی ایس ایل کے آغاز پر کراچی کنگز 26 کروڑ روپے سالانہ میں مہنگی ترین ٹیم کے طور پر فروخت ہوئی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو ایڈیشنز میں پانچ ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں شامل تھیں۔ دوسرے ایڈیشن سے قبل بھی چھٹی ٹیم کے اضافے کی کوشش کی گئی تھی تاہم فرنچائز مالکان کی جانب سے مخالفت کے بعد یہ معاملہ موخر کر دیا گیا تھا۔دوسری طرف ملتان اور جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ نے پی ایس ایل میں نئی ٹیم کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ملتان ٹیم کی شمولیت سے ریجن کی کرکٹ کو فروغ ملے گا۔جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے قومی کرکٹرز کو بھی اپنے شہرکی نمائندگی کا بھرپورموقع ملے گا جس سے اس خطے کے شائقین کی کرکٹ میں دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔