لاہور(این این آئی)پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق نے انٹرنیشنل کرکٹ سے غیر رسمی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عبدالرزاق نے کہا کہ ہر پلیئر کو ریٹائر ہونا ہوتا ہے اور میرے خیال سے میرے لیے یہ وقت بہتر ہے ٗ گزشتہ تین چار سال سے کرکٹ نہیں کھیل رہا، اس لیے اب میرا کم بیک کرنا بہت مشکل ہے۔عبدالرزاق نے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ اس وجہ سے بھی کیا ہے کہ میرے ساتھی پلیئرز شاہد آفریدی ٗمصباح الحق ٗیونس خان ٗمحمد یوسف اور دیگر تمام پلیئرز ریٹائر ہو چکے ہیں،
یہ اعلان بھی رسمی ہے، حقیقت یہ ہے کہ میرا انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔آل راؤنڈر نے کہا کہ اندرونی سیاست سے اس قدر بددل ہو چکا تھا کہ ٹیم سے اخراج کے بعد دوبارہ محنت ہی نہیں کی، اگر کوشش کرتا تو ٹیم میں شامل ہو سکتا تھا۔عبدالرزاق نے کہا کہ ہر پلیئر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ خوشگوار یادوں کے ساتھ رخصت ہو ٗاگر پی سی بی سمجھتا ہے کہ مجھے الوداعی میچ دینا چاہیئے تو مجھے کھیل کر خوشی ہو گی۔اور یہ معاملہ میں پی سی بی کے حوالے کررہاہوں۔