برمنگھم (آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر بھی پاک، بھارت ٹاکرے کیلئے کافی پرجوش دکھائی دیتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز بائولرز کیلئے سازگار ہونے کے باعث وہ بھارت کیخلاف بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ میں نے ویسٹ انڈیز کے دورہ کے دوران بہت لمبے سپیلز کئے ہیں، میری سوئنگ واپس آ رہی ہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ لائن اینڈ لینتھ بھی بہتر ہو رہی ہے۔ یہاں کی کنڈیشنز بائولرز کیلئے سازگار ہیں، امید ہے کہ میں یہاں بھی بہترین کارکردگی دکھائوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چیمپینز ٹرافی میں پاک، بھارت ٹاکرے کے دوران جو بھی ٹیم دبائو اچھے طریقے سے برداشت کرے گی، فتح اسی کی ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ویسٹ انڈیز کے دورے کی طرح بلے باز اور بائولرز چیمپینز ٹرافی میں بھی اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔یاد رہے کہ سرفراز الیون 4 جون کو ایجبسٹن میں روائتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ 7 جون کو جنوبی افریقہ کیخلاف جبکہ 12 جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔