لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر نوجوان کرکٹر محمد نواز کو ایک ماہ کیلئے معطل اور دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ،نوجوان کر کٹر پر سزا کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔بورڈ کے متعلقہ شعبے کو تاخیر سے مطلع کرنے کے قصوروار پائے گئےمشیر تفضل حیدر رضوی کے مطابق محمد نواز پر یہ مختصر پابندی سپاٹ فکسنگ سکینڈل
کے سلسلے میں ناصر جمشید کے ان سے رابطے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو بروقت مطلع نہ کرنے پر عائد کی گئی ہے۔،تفضل رضوی نے کہا کہ محمد نواز سے کسی بک میکر نے رابطہ نہیں کیا تھا بلکہ ان سے رابطہ کرنے والے کرکٹر ناصرجمشید تھے۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد نواز سے رابطے کرنے والے شخص کا نام سامنے آیا ہے۔تفضل حیدر رضوی کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ محمد نواز کو کم سزا دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محمد نواز نے ناصر جمشید کے کیے گئے رابطے کو چھپایا نہیں بلکہ اس کی اطلاع تاخیر سے بورڈ کو دی۔پی سی بی کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محمد نواز پر دو ماہ کی پابندی لگائی گئی ہے اور اگر وہ پابندی کے پہلے ماہ میں پی سی بی کے کوڈ کی کسی خلاف ورزی کے مرتکب نہ پائے گئے اور ماضی میں ان کی کوئی اور خلاف ورزی سامنے نہ آئی
تو ان کی سزا میں سے ایک ماہ کی سزا معطل ہو جائے گی۔تاہم اگر ایسا کچھ ہوا تو پی سی بی ان کے خلاف الگ سے تحقیقات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے محمد نواز آئندہ چھ ماہ کے دوران پی سی بی کے انسدادِ رشوت ستانی کے پروگرام کا حصہ بھی بنیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے دوران محمد نواز کا سینٹرل کانٹریکٹ بھی معطل رہے گا اور انھیں کوئی نیا کانٹریکٹ بھی نہیں دیا جا سکے گا۔خیال رہے کہ محمد نواز کو پی سی بی نے کرکٹ سے کرپشن کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کے سلسلے میں محمد نواز کو آٹھ مئی کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 4.3 کے تحت نوٹس آف ڈیمانڈ بھیجا تھا۔اس کے بعد 12 مئی کو انھیں اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے نوٹس آف چارج دیا گیا تھا۔اس نوٹس کے مطابق محمد نواز ایک مرتبہ مشکوک فرد یا افراد کی جانب سے ان سے رابطے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے متعلقہ شعبے کو تاخیر سے مطلع کرنے کے قصوروار پائے گئے۔پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 15 مئی کو محمد نواز نے پی سی بی سے رابطہ کیا اور تحریری بیان میں خود پر عائد الزام کو قبول کرتے ہوئے معاملے کو تفصیل سے بیان کیا۔23 سالہ محمد نواز تین ٹیسٹ، نو ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ان دنوں سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات میں مصروف ہے جس میں فاسٹ بولر محمد عرفان کو چھ ماہ کے لیے معطل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر چار کرکٹرز ناصر جمشید۔، شرجیل خان، خالد لطیف اور شاہ زیب حسن کے خلاف تحقیقاتی عمل جاری ہے۔