لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے درمیان ان دنوں خبریں گرم ہیں کہ چیئرمین شپ اور پی سی بی کے اہم فیصلوں کو لے کر تنائو کی سی کیفیت موجود ہے۔گزشتہ ماہ دبئی میں آئی سی سی اجلاس میں جہاں بگ تھری کو ختم کرنے کے بارے میں اہم فیصلہ ہوا،وہاں پی سی بی کی نمائندگی شہریار محمد خان نے کی البتہ نجم سیٹھی کی جانب سے
چند بیانات کو لے کر یہ تاثر ابھرا کہ وہ آئی سی سی میں بھارت کی اجارہ داری ختم ہونے کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔اس بارے میں چیئر مین پی سی بی شہریار محمد خان کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ آئی سی سی اجلاس میں انہوں نے شرکت کی اور پاکستان کی نمائندگی کی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پی سی بی کے اہم فیصلوں میں انھیں نجم سیٹھی کی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوتا ہے۔شہریار خان نے برملا اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں نجم سیٹھی کا کردار نمایاں ہے اور اس پر وہ نجم سیٹھی کو مبارکباد دیتے ہیں۔چیئر مین نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ ان کے اور نجم سیٹھی کے درمیان مقابلہ چل رہا ہے۔شہریار خان نے کہا کہ کام وہ کریں یا نجم سیٹھی فائدہ تو پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے،اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ یہ سب بیکار باتیں ہیں کہ نجم سیٹھی نے پی سی بی کے مفاد میں کوئی کام کیا یا بطور چیئر مین شہریار خان نے کیوں کہ جو بھی کام پی سی بی میں ہوتا ہے دونوں مل کر کرتے ہیں۔