بنگلور ( مانیٹرنگ ڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کنگز الیون پنجاب اگرچہ رائل چیلنجرز بنگلور سے اپنا میچ ہار گئی مگر کنگز الیون پنجاب کے کھلاڑی ہاشم آملہ نے ایمانداری کی ایسی مثال قائم کی کہ ناصرف پوری دنیا کے دل جیت لئے بلکہ مسلمانوں کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا۔رائل چیلنجرز بنگلور نے ٹاس جیت کر کنگز الیون پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ہاشم آملہ اور مارٹن گپٹل اننگز کے آغاز کیلئے میدان میں آئے۔
پہلے ہی اوور میں ہاشم آملہ کو واپس پویلین لوٹنا پڑا جب انکت چوہدری نے ہاشم آملہ کو گیند کروائی۔ یہ گیند تھوڑی سی سٹمپ سے باہر تھی جسے ہاشم آملہ نے کٹ کرنے کی کوشش کی مگر وہ ان کے بلے کے ساتھ چھو کر سیدھی کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔وکٹ کیپر کیدر جادیو نے گیند پکڑی مگر آؤٹ کیلئے اپیل نہ کی حتیٰ کہ آر سی بی کی ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی نے کیچ آؤٹ کی اپیل نہ کی۔ تاہم ہاشم آملہ ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے خود ہی پویلین کی جانب چل پڑے۔