اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پاکستان کے سب سے کامیاب ترین کپتان ہیں، ان کے بحیثیت کپتان ریکارڈ کے مطابق انہوں نے اپنی کامیابیوں میں عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انگلینڈ میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل سامنے آنے پر ٹوٹی بکھری پاکستانی ٹیم کو دوبارہ سے اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے مصباح کا اہم کردار رہا۔
لارڈز کے تاریخی میدان میں پش اپس اور سلیوٹ نے مصباح کے اس انداز کو بہت شہرت دی۔مگر آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ مصباح ٹیڑھی لکڑی کو سیدھا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان کے اس جادو نے پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔انگلینڈ کیخلاف ایک ٹیسٹ میچ کے دوران مصباح الحق کے بیٹ کا ہینڈل سکور لینے کیلئے کریز پر پہنچنے کی جلدی میں دوڑتے ہوئے پیڈ اور زمین کے ساتھ ٹکراکر برے طریقے سےٹیڑھا ہو گیاتھا، سمجھا یہ جا رہا تھا کہ اب مصباح کھیلنے کیلئے دوسرا بیٹ منگوائیں گے۔ معروف پاکستانی کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اس موقع پر بیٹ کے ہینڈل کے برے طریقے سے ٹیڑھا ہو جانے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے متبادل بیٹ کی ضرورت بارے تبصرہ بھی کیا۔ تاہم اس وقت سب ورطہ حیرت میں ڈوب گئے جب مصباح الحق رن مکمل کر کے اطمینان سے بیٹ کے قریب آئے اور اسے اٹھا کر ہینڈل کوایک جھٹکے میں ہی سیدھا کر دیا۔مصباح الحق کے بیٹ کو صحیح کرنے اور ٹیڑھے ہوئے ہینڈل کودوبارہ اصل حالت میں لانے پر ان کے قریب کھڑا ایمپائر اس قدر حیران اور پریشان تھا کہ اس نے بیٹ اٹھاکر بغور اس کا معائنہ شروع کر دیا۔کمنٹری باکس میں بیٹھے رمیز راجہ مصباح کا یہ ”جادو “ دیکھ کر حیران رہ گئے اور بے ساختہ کہہ اٹھے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا۔