دبئی (آئی این پی)افغانستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور اوپننگ بیٹسمین محمد شہزاد کو آ ئی سی سی کے اینٹی ڈوپنگ رول کی خلاف ورزی کرنے پر فوری طورپر عبوری معطل کردیا گیاہے۔افغان اوپننگ بیٹسمین پر 13اپریل کو ڈوپنگ چارج لگایا گیاتھا۔ رواں سال 17جنوری کو اْن کا ڈوپ ٹیسٹ لیاگیاتھا جس میں واڈاقانون کے مطابق ممنوعہ ذرات پائے گئے تھے۔محمد شہزاد نے دئیے گئے وقت میں اپنی معطلی کو چیلنج نہیں کیا۔
اس لئے اب اْسے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ قانون کے تحت کاروائی کا سامناکرناپڑے گا۔اگر یہ ثابت ہوگیا کہ انہوں نے ممنوعہ ادویات جان بوجھ کر استعمال کی گئی ہیں تو اْن پر دو سے چار سال کی پابندی عائد کردی جائیگی جبکہ اگرانہوں نے ممنوعہ ادویات سے لاعلمی ثابت کردی تب بھی انہیں کم ازکم دو سال کی پابندی کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔واضح رہے کہ محمد شہزاد افغانستان کے اہم ترین پلیئرزمیں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے 59ون ڈے اور 57 ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں افغانستان کی نمائندگی کی ہے۔