اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کسی کے جانے سے فرق نہیں ،پڑتا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے،نئے کھلاڑیوں میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں۔ خواہش تھی پاکستان کا نام سر بلند کروں خواہش پوری ہو گئی، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے پی سی بی کیساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہوں،
آنجہانی باب وولمر کا پاکستان کرکٹ ٹیم کو صف اول کی ٹیم بنانے میں اہم کردار ہے۔لیجنڈری یونس خان کی رمیز راجہ سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں لیجنڈری یونس خان نے رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے جانے سے فرق نہیں پڑتا ، ہم سے پہلے جب آپ لوگ کھیل رہے تھے اور ریٹائر ہوئے تو ہم بھی یہ خیال کرتے تھے کہ آپ کے جانے کے بعد کیا ہو گا مگر کوئی با صلاحیت کھلاڑی آپ کی جگہ پر کر دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے ۔ خواہش تھی کہ پاکستان کا نام سر بلند کروں اور 10ہزار رنز بنائوں وہ خواہش پوری ہو گئی ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اگر پی سی بی نے موقع دیا تو انڈر 16اور 19کی کوچنگ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے کام کرنے کی شدید خواہش ہے ۔ اس موقع پر یونس خان نے آنجہانی کوچ باب وولمر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو صف اول کی ٹیموں میں شامل کرنے میں باب وولمر کا اہم کردار تھا۔اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے اختتام پر نہایت خوش اور مسکراتے یونس خان کو الوداع کہتے ہوئے رمیز راجہ جذباتی انداز میں ان سے بغل گیر ہو گئے۔ اس موقع پر دونوں عظیم کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی۔