لندن (این این آئی)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور سرے کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے والے 25 سالہ پاکستانی نژاد ظفر انصاری نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ‘اب میں اپنی دوسری خواہشات کو پورا کرنا چاہتا ہوں۔ظفر انصاری نے انڈیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچ کھیلنے سے پہلے اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے ظفر انصاری
فرسٹ کلاس کرکٹ کے 71 میچوں میں 128 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ظفر انصاری کے مطابق سات سالوں تک پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد میں نے اپنے کرکٹ کیریئر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے کی ٹائمنگ سے لوگوں کو حیرت ہو سکتی ہے تاہم میں نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ کرکٹ میری زندگی کا صرف ایک حصہ ہے اور میری دوسری خواہشیں بھی ہیں جنھیں میں مکمل کرنا چاہتا ہوں۔ظفر انصاری نے کیمبرج یونیورسٹی سے سیاسیات، فلسفہ اور سوشیالوجی کا مطالعہ کیا اور رائل ہالو وے یونیورسٹی سے تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری لی۔انھوں نے 2015 میں آئر لینڈ کے خلاف اپنے ایک روزہ کریئر کا آغاز کیا جس کے بعد انھیں 2016 میں بنگلہ دیش اور انڈیا کے دورے میں ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔سرے کاؤنٹی کے کرکٹ ڈائریکٹر ایلکس سٹوورٹ نے بتایا کہ ظفر انصاری کا ابتدائی عمر میں ریٹائر ہونا حیرت کی بات نہیں ہے۔سٹوورٹ کا کہنا تھا کہ ظفر انصاری نے انھیں متعدد مواقعوں پر بتایا تھا کہ کرکٹ ان کی زندگی کا ایک حصہ ہے تاہم پوری زندگی نہیں۔سٹوورٹ کے مطابق ظفر انصاری بہت محنتی انسان ہیں، انھوں نے سرے اور انگلینڈ کے لیے کرکٹ کھیلی
اور اب وہ ایک مختلف کریئر شروع کرنا چاہتے ہیں۔انگلینڈ کے کرکٹر معین علی کا ظفر انصاری کے فیصلے کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ ایک دلیرانہ اور مشکل فیصلہ تھا جس کے بارے میں انھوں نے اپنے خاندان اور دوستوں سے بات چیت کی ہو گی ٗ انھوں نے اس فیصلے کے بارے میں اچھی طرح سوچا ہو گا اور اب جب انھوں نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے تو میں ان کے اس فیصلے کا مکمل احترام کرتا ہوں۔