اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ہائی کمیشن نے چار پاکستانی اسکواش کھلاڑیوں کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی ایشین سینیئر انفرادی چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔یہ ایونٹ بدھ 26 اپریل سے بھارت میں شروع ہورہا ہے جس میں چار پاکستانی کھلاڑیوں فرحان محبوب، فرحان زمان، طیب اسلم اور وقار محبوب کو شرکت کرنی تھی تاہم بھارت نے انہیں ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کے
سیکریٹری طاہر سلطان نے بتایا کہ ’بھارتی ہائی کمیشن نے ہمارے کھلاڑیوں کے پاسپورٹس واپس کردیے‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے 17 مارچ کو بروقت ویزے کی درخواست دی تھی تاہم بھارتی حکام نے ویزہ جاری کرنے میں تاخیری حربے استعمال کیے۔سیکریٹری نے کہا کہ ’پاسپورٹس واپس کرنے کے بعد انہوں نے ہم سے دوبارہ رابطہ کیا اور کہا کہ ویزہ چاہیے تو دوبارہ پاسپورٹس جمع کرادیں لیکن اب ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ دوبارہ درخواست نہیں دیں گے‘۔