دبئی ( این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا پانچ روزہ اجلاس آج ( اتوار) سے شروع ہوگا بِگ تھری کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکے جانے کا امکان ہے، جبکہ بھارت بھی سرگرم ہو گیا، پی سی بی بھارت کی طرف سے معاہدے کے باوجود دو طرفہ سیریز کا انعقاد نہ ہونے سے مالی نقصان کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے ہیڈکوارٹرز دبئی میں پانچ روزہ اجلاس آج اتوار کو شروع ہوگا جو 27 اپریل تک جاری رہے گا ۔ سال کے دوسرے اجلاس میں بھی بِگ تھری کو ختم کرنے کی بات ہو گی ۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان پہلے ہی بھارت کو انکار کر چکے ہیں۔بِگ تھری کے خاتمے کے لئے نیا اتحاد بھی بنتا نظر آ رہا ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان کو اس سلسلے میں انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا اعتماد بھی حاصل ہو جائے گا جس کے بعد بگ تھری کے خاتمے کی منظوری کا امکان بڑھ جائے گا۔تاہم دوسری جانب بھارت سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کو بڑی بڑی پیشکش کر کے اپنے ساتھ ملانے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔بِگ تھری کے معاملے کے بعد آئی سی سی اجلاس میں پاک بھارت سیریز کے مسئلے پر بھی بات ہو گی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بھارت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا ۔ پاکستان اجلاس میں اپنے مالی نقصان کا معاملہ اٹھائے گا۔