اسلام آباد (این این آئی) پاکستان سپر کبڈی لیگ 16 مئی سے شروع ہوگی جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی ۔تفصیلات کے مطابق سپر کبڈی لیگ کی پہلی ٹیم اسلام آباد کی ملکیت کے حقوق پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن محمد عثمان شیخ نے حاصل کر لیے ہیں اس سلسلہ میں گذشتہ روز سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو حیدر علی داود اور ایم عثمان کے درمیان دس سال کا معاہدہ طے پایا۔سپر کبڈی لیگ کے پائنیر
حیدر علی داود کا کہنا تھا کہ لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے شمولیت کیلئے پاکستان کبڈی فیڈریشن سے رابطے شروع کر دیئے ایران، کینیڈا سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کی جانب سے خواہش کا اظہار کیا گیا کہ انہیں بھی سپر کبڈی لیگ کا حصہ بنایا جائے۔ ابھی اس پر کام جاری ہے سیکورٹی حالات کو مدنظر رکھ کر اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کبڈی لیگ میں انہیں شامل کیا جائے یا اگلے ایڈیشن میں انہیں موقع دیا جائے جلد اس کا فیصلہ ہو جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ سپر کبڈی لیگ کے پہلے ایڈیشن میں چھ ٹیمیں شرکت کرینگی جس کیلئے فرنچائزر کے ساتھ معاملات جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فرنچائزر اپنی ٹیموں کی سپانسر شپ خود حاصل کرینگے جبکہ گیٹ انکم سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بھی فرنچائزر میں تقسیم کیا جائے گا۔