دبئی(آئی این پی) معروف کمنٹیٹر ایلن وکلنز نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی اختتامی تقریب کی اردو میں تعریف کرکے سب کو حیران کردیا۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کے لیے لاہور آنے سے معذرت کرنے والے کمٹیٹر ایلن وکلنز پی ایس ایل کے سحر میں اب تک گرفتار ہیں اور لاہور نہ آنے کے باوجود پی ایس ایل کی اختتامی تقریب نے ان کا دل جیت لیا ہے۔ معروف کمٹیٹر ایلن وکلنز نے پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے فوری بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رومن اردو میں ٹوئٹ کرکے سب کو حیران کردیا ہے
جب کہ ٹوٹی پھوٹی اردو میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اختتامی تقریب اچھا تھا اورمزہ آیا۔ایک اور ٹوئٹ میں ایلن وکلنز نے پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے فائنل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل یادگار ٹورنامنٹ ہے جس کے لیے میری نیک خواہشات اور بھرپور حمایت ہے کیوں کہ یہ ایک انتہائی جذباتی تجربہ ہے جب کہ اگر پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے بلایا گیا تو انشااللہ لاہور ضرور جاؤں گا۔ واضح رہے کہ کمنٹیٹرز ایلن وکلنز اور ڈینی مورزن نے فائنل کے لیے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی۔