لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے دعوت نامے تیار کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سمیت بنگلہ دیش، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور دیگر بورڈز کے سربراہان کیلئے بھی دعوت نامہ تیار کر لیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں منعقد ہونے والے فائنل کے لیئے اہم شخصیات کے دعوت نامے تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فائنل میں شرکت کے لیئے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دعوت نامہ تیار کیا ہے۔ انکے علاوہ آئی سی سی کے صدر، چیف ایگزیکٹو اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لیئے بنائے جانے والی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کو بھی پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیئے مدعو کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کئے فائنل کا ایک دعوت نامہ سابق کپتان اور چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کو بھجوایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور دیگر بورڈز کے سربراہان کو بھی فائنل کا دعوت نامہ ارسال کیا جائے گا۔