پشاور(آئی این پی)پشاور سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹررفیع اللہ نے پاکستان کے دوسرے تیز ترین فاسٹ باؤلر کا اعزازحاصل کرلیا۔آئی سی ایم ایس کلب کے اس باصلاحیت کھلاڑی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر نگرانی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ایمرجنگ کھلاڑیوں کیلئے تربیتی کیمپ میں شامل ہوکر کئی ہفتے تک کوالیفائیڈ کوچزمدثر نذر اور علی ضیاء کی نگرانی میں باؤلنگ تربیت حاصل کی۔
اس ٹریننگ سیشن میں ملک بھر سے بہترین فاسٹ باؤلروں نے حصہ لیا۔جبکہ اختتامی سیشن میں کھلاڑیوں کے ٹسٹ لینے کے دوران پشاور کے نوجوان کرکٹر رفیع اللہ کو انکی شاندارباؤلنگ کے بدولت پاکستان کے دوسرے تیزترین باؤلرقراردیدیاگیاہے ۔آئی سی ایم ایس کرکٹ کلب کے چیئرمین ملک تجمل حیات خان نے گراں قدر اعزازپانے والے فاسٹ باؤلر رفیع اللہ کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ یہ اعزاز انکی کوششوں کے بدولت نصیب ہواہے جس کا ساراکریڈیٹ کلب کو چ اصغر علی خان کو جاتاہے جن کی دن رات محنت اور کوششوں سے کلب کے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں آئے روزنمایاں بہتری آرہی ہے ۔جسے ملکی سطح پر سراہاجارہاہے ۔ملک تجمل حیات نے رفیع اللہ کے اعزازمیں جلد ہی ایک پروقار تقریب کے انعقاداورانہیں کیش انعام سے نوازنے کا اعلان کیا ۔