میلبورن ( این این آئی) قومی ٹیم کے بلے باز اظہر علی نے میلبورن ٹیسٹ میں متعدد اہم سنگ میل عبور کیے۔ رپورٹ کے مطابق اظہر علی آسٹریلوی سرزمین پر سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بنے ہیں۔ ان سے قبل ماجد خان نے دسمبر1972ء میں کھیلے گئے میلبورن ٹیسٹ میں 158 رنز بنائے تھے۔
اظہرعلی پہلے پاکستانی بیٹسمین ہیں جنہوں نے ایک ہی سال میں دو ڈبل سنچریاں سکور کی ہیں۔اس ڈبل سنچری سے قبل انہوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دبئی کے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں ٹرپل سنچری سکور کی تھی۔اظہرعلی پہلے مہمان اوپنر ہیں جنہوں نے میلبورن میں ڈبل سنچری سکور کی ہے ۔اس سے قبل اس گراؤنڈ پر کسی مہمان اوپنر کا بہترین انفرادی اسکور195 تھا جو بھارت کے وریندر سہواگ نے بنائے تھے۔اظہر علی نے میلبورن ٹیسٹ میں شاندار 205رنز بنائے۔اظہر علی صرف چار رنز کی کمی سے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر سب سے بڑی اننگز کا سر ویوین رچرڈز کا ریکارڈ نہ توڑ سکے، ویوین رچرڈز نے 1984ء میں 208رنز کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔