اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بارش کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے تاہم وقفے کے بعد پاکستان کی دو اہم وکٹیں گر چکی ہیں۔بارش کے بعد بولنگ کے لیے سازگار حالات میں پاکستان کو جلد ہی اسد شفیق کا نقصان اٹھانا پڑا،
جب وہ برڈ کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، تاہم اس سے پہلے وہ نصف سینچری بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔اسد شفیق کے بعد سرفراز احمد بھی 10 رنز بنا کر ہیزل وڈ کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔اس وقت کریز پر اظہر علی 139 رنز بنا کر موجود ہیں، اور ان کا ساتھ محمد عامر دے رہے ہیں۔ اب سے کچھ دیر قبل تک پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنا لیے تھے۔کھیل کے دوسرے روز اظہر علی اور اسد شفیق نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 115 رنز کی شراکت جوڑی۔ اس دوران اظہر علی اپنی 12ویں ٹیسٹ سینچری بھی مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔پہلے روز بارش کی وجہ سے 50.5 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔ چائے کا وقفہ مقررہ وقت سے پہلے کر دیا گیا جس کے بعد ایک گیند بھی نہ کرائی جاسکی۔مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم میں راحت علی کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا، جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔