کولمبو(آئی این پی)بھارتی کر کٹ بورڈ(بی سی سی آئی )نے ایک بار پھر باہمی کر کٹ سیریز سے دامن چھڑا لیا۔ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بغیر بات ہوئے ختم ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اس امید کے ساتھ سری لنکا کا سفر کیا تھا کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل میٹنگ کے دوران اپنی سفارتکاری کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو باہمی سیریز پر راضی کرنے کی ایک اور کوشش کریں گے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اس حوالے سے کوئی بات تک نہیں ہوئی۔ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر کے ہمراہ میٹنگ میں شریک ہونے والے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری نے کہاکہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی،اس اجلاس میں اس حوالے سے گفتگو ہوئی کہ 2018 میں ایشیا کپ کو کیسے ایک بڑا ایونٹ بنایا جا سکتا ہے، اگرچہ اس میں ابھی کافی وقت باقی ہے تاہم تمام بورڈز کے چیف ایگزیکٹیوز جلد ہی اپنے منصوبوں کے ساتھ واپس لوٹیں گے کہ ایشیا کپ کے ریوینیو میں کس طرح اضافہ کیا جائے، خاص طور پر ایشین کرکٹ کونسل کی حیثیت کو مزید فعال کیسے بنایا جائے۔اس حوالے سے ایشین کونسل کے چار بڑے بورڈز کے چیف ایگزیکٹیوز مل کر کام کریں گے،کمیٹی کے سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ہوں گے۔