اسلام آباد (آئی این پی)فاسٹ بولر محمد عامر کی گیندوں پر کیچز بہت زیادہ تعداد میں ڈراپ ہورہے ہیں جس پر مبصرین بھی حیران و پریشان ہیں اس سارے معاملات کو شکوک کی نظروں سے دیکھا جارہا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم رکن فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ وکٹ ٹو وکٹ گیند کرنے کی کوشش کر تا ہو ں تاکہ بیٹسمینوں کو زیادہ سے زیادہ بولڈ کرنے میں کامیاب ہوسکوں، اگرچہ میری گیندوں پر دوسرے بولرز کے مقابلے میں زیادہ کیچز گرے ہیں لیکن اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی میں کسی سے ناراض ہوں۔جب ایک بولر کی گیند پر کیچ گرتا ہے تو وہ خوشی سے تالی تو نہیں بجائے گا،میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ مجھے کیچ گرنے پر غصہ نہیں آتا لیکن یہ بھی تو حقیقت ہے کہ کوئی بھی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑ سکتا، آج کل کی کرکٹ میں اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ پکڑیں جائیں گے۔سلپ پر کیچز لینے کے لئے آپ کو بہت زیادہ محنت کرنا ہوتی ہے، میرے خیال سے یہ ہمارا تھوڑا مسئلہ ہے کہ ہمارے پاس ہمیشہ ہی سلپ کیچز ڈراپ ہوئے ہیں،ایسا صرف میری گیندوں پر ہی نہیں ہورہا ہے اور نہ ہی اس میں مجھے کوئی پریشانی ہے۔
ہاں! دکھ ضرور ہوتا ہے کہ آپ بہت محنت کرکے کسی بیٹسمین سے غلطی کرواتے ہیں اور پھر کیچ گرنے سے مخالف بیٹسمین کا حوصلہ بہت بڑھ جاتا ہے۔میری کوشش ہے کہ اب میں گیند کو زیادہ سے زیادہ وکٹوں میں رکھوں اور بیٹسمین کو بولڈ کرنے کی کوشش کررہا ہوں، ہمارے کھلاڑی جس طرح سلپ کیچز کی بہت زیادہ پریکٹس کررہے ہیں مجھے امید ہے کہ یہ مسئلہ بھی بہت جلد حل ہوجائے گا۔