میلبورن(آئی این پی)سابق آسٹریلوی کرکٹرز نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کو پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر سے محتاط رہنے کا مشورہ دیدیا۔
سابق بلے باز مائیک ہسی نے محمد عامر کو شاندار صلاحیتوں کا مالک قرار دیدیا جبکہ مچل جانسن کا کہنا ہے کہ پچ پر گھاس ہوئی تو عامر کو کھیلنا مشکل ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محمد عامر کی گھومتی گیندوں اور سوئنگ نے کینگروز کی نیندیں اڑا دیں۔ برسبین ٹیسٹ سے پہلے سابق آسٹریلوی کرکٹرز اسمتھ الیون کو عامر سے بچنے کے مشورے دینے لگے۔
سابق آسٹریلوی کپتان مائیک ہسی کے مطابق محمد عامر ناقابل یقین اور شاندار صلاحیتوں کا مالک اور دنیا کا خطرناک ترین بالر ہے۔ مسٹر کرکٹ کہلانے والے مائیک ہسی کہتے ہیں عامر نے مشکل وقت دیکھا، فاسٹ بالر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی سے انہیں خوشی ہوئی۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بالر مچل جانسن کو محمد عامر کے ہاتھوں لیڈز میں کلین بولڈ ہونا ابھی تک نہیں بھولا۔مچل جانسن کہتے ہیں محمد عامر کو دوہزار دس میں کھیلنا بہت مشکل تھا۔ برسبین میں پچ پر گھاس ہوئی تو عامر ان پلے ایبل ہو جائے گا۔