کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان آج اپنی تیسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اہلیہ فریال مخدوم نے ٹوئٹر پر عامر کیلئے خاصا رومانوی پیغام دیتے ہوئے یہ عندیہ بھی دیا کہ دوسروں کی وجہ سے اپنے شوہر کے ساتھ رہنا ان کیلئے اتنا بھی آسان نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں سسرالیوں کے ظلم وستم کے انکشافات کرنے والی فریال مخدوم خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشوہر نامدار کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں فریال نے سالگرہ کی مبارکباد کے علاوہ یہ بھی لکھا کہ ’’ میں تہمارے ساتھ رہنے کے لیے اپنی زندگی کی آخری سانس تک لڑوں گی‘‘۔ ہو سکتا ہے لڑنے سے مراد یہ بتانا ہو کہ سسرالیوں کے مظالم کے باعث فریال کے لیے شوہر کے ساتھ خوشی خوشی رہنا کوئی آسان کام نہیں۔واضح رہے کہ فریال مخدوم کی جانب سے سسرال والوں پرسنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، اگربہو کو گالیاں دینی اوربرا بھلا کہنا ہےتو بیٹوں کی شادی کیوں کی جاتی ہے۔
فریال نے یہ سوالات بھی اٹھائے تھے کہ بیٹے کو اکسایا جائے کہ بیوی کو طلاق دو اور اگربیٹا نہ مانے تو اسے کوسا جائے۔ یہ کیسا انصاف ہے؟ کیا اسلام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ شادی کریں اورطلاق دےدیں۔آج عامر خان کی سالگرہ پر فریال نے تو ان سے شدید محبت کا اظہار کیا ہی مگر عامر خان بھی اس معاملے میں پیچھے نہیں ہیں، دو روز قبل انہوں نے بھی اہلیہ کی شان میں خوب قصیدے پڑھنے کیلئے ٹوئٹرکا ہی پلیٹ فارم استعمال کیا تھا۔ فریال کی پہلی کیٹ واک سے متعلق پوسٹ میں عامر کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی خوبصورت بیوی پرفخر ہے۔عامر کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر تو شاید شو ختم ہونے کے بعد لی گئی مگر ساتھ ہی انہوں نے آشیانہ میگزین کی ٹویٹ کو ری شیئر بھی کیا ہے جس میں فریال مخدوم کو آشیانہ برائیڈل شو 2016 برمنگھم میں ریمپ پر پہلی کیٹ واک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عامر خان کی ٹویٹ کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے ری ٹویٹ کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ اس خوبصورت جوڑے کیلئے بہت سی دعائیں، ریحام نے فریال کی حمایت کرنے پر عامر خان کی تعریف بھی کی۔سونے پرسہاگہ یہ کہ فریال تک ریحام کی آواز فورا پہنچی اورانہوں نے ریحام کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کر کے ٹرائیکا مکمل کردیا۔نہ صرف یہ بلکہ سسرالیوں کی جانب سے مظالم کے انکشافات پر بھی ریحام نے ایک اور ٹویٹ میں فریال کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ عورت کسی وجہ سے ہی اپنی آواز اٹھاتی ہے۔عامر خان کے آفیشل پیج پر ان کے پرستاروں کی جانب سے بھی سالگرہ کے ڈھیروں پیغامات بھیجے گئے ہیں۔