لاہور/جوہانسبرگ (آئی این پی)محمد حفیظ کا طیارہ حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے اگر تحقیقات شفاف نہ ہوئیں تو پھر اونٹ اور گھوڑوں پر سفر کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔
اپنے ٹویٹ پیغام میں محمد حفیظ نے کہا کہ اس کیس کو دیگر کیسز کی طرح دبا نہ دیا جائے سانحہ کے ذمہ داروں کو بچانے کے بجائے ان کے خلاف کارروائی کی جائے سانحے کی تحقیقات شفاف نہ ہوئیں تو پھر اونٹ اور گھوڑوں پر سفر کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں جنید جمشید کے ساتھ تصویر لگاتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید نے ہمیں بہت کچھ سکھایا وہ دل کے بہت اچھے انسان تھے مگر افسوس کہ ایک اور اچھا انسان ہمیں چھوڑ گیا۔انگلش کرکٹر معین علی نے کہا کہ انھیں اپنے بھائی جنید جمشید کی موت پر انتہائی افسوس ہے دعا ہے کہ اللہ جنید اور ان کی فیملی کے افراد کو جنت میں اعلٰی مقام عطا فرمائے۔