بنکاک(آئی این پی) ویمنز ایشیا کپ ٹوئنٹی 20 میں بھارت نے پاکستان کو17رنز سے شکست دے کر چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستا ن کی ٹیم بھارت کے 121رنز کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 104رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئی جس میں بسمہ معروف 25رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں جبکہ اوپننگ پر آئیں جاویریہ 22رنز کے ساتھ دوسرے اور عائشہ 15رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔سماویہ اقبال صرف ایک رن بنانے میں ہی کامیاب ہوئیں اور آوٹ ہو گئیں۔نین عابدی 9اورارم جاوید تین سکور بنانے میں کامیاب ہوئیں۔اس سے قبل بھارتی ٹیم نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 121رنز بنائے جس میں میتھالی راج انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 72رنزز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ جھولن گوسوامی 1رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بھی ڈبل فگر میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔پاکستان کی جانب سے انعم امین نے دو کٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ یوسف اور سنا میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کا عندیہ دیا جارہا تھا،مگر ورلڈ چیمپئن شپ کے گرین شرٹس کے ساتھ تین میچز فورفیٹ قرار دیے جانے پر بھارت ایشیائی ایونٹ میں پاکستانی ویمنز ٹیم سے کھیلنے کو تیار ہوا۔