نئی دہلی( آن لائن ) پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے دونوں ملکوں کی لیگ ٹیموں کے مابین مقابلوں کی تجویز پیش کی جس پر اتفاق کر لیا گیا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے صدر انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کی لیگ ٹیموں کے مابین میچ کرانے کی تجویز پیش کردی۔
ملاقات نئی دہلی میں ہوئی جہاں کرکٹ کے فروغ، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاوید آفریدی نے ملاقات کے بعد بات کرتے ہوئے بتایا کہ بی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات کامیاب رہی اور انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ہم کسی تیسرے مقام پر پاکستان سے کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل اور انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیموں کے درمیان کسی تیسرے مقام پر میچوں کے انعقاد کی اجازت دینے کی درخواست کی کیونکہ آئی پی ایل کی چند ٹیموں کے حکام پی ایس ایل کی ٹیموں سے میچز کھیلنے کیلئے کافی پرجوش ہیں۔پشاور زلمی کے مالک نے بتایا کہ اس سلسلے میں اگلی ملاقات 17 دسمبر کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہو گی جس میں مزید پیشرفت کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان 2007ء4 کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی گئی اور حالیہ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے مستقبل قریب میں بھی کسی سیریز کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔بھارتی جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے انوراگ ٹھاکر بھی پاکستان سے سیریز کے سخت مخالف رہے ہیں اور اس سلسلے میں جاوید آفریدی کی ان سے ملاقات بڑی اہمیت کی حامل ہے۔