اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم آفریدی کو بنگلہ دیش سے پاکستان واپس بلوا لیا۔ شاہد خان آفریدی بنگلہ دیش میں پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے گزشتہ کئی ہفتوں سے ڈھاکہ میں موجود ہیں۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہد خان آفریدی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی دعوت پر پاکستان واپس آ رہے ہیں اور وہ کراچی میں کرکٹ گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے چند دن بعد واپس بنگلہ دیش روانہ ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح 24 نومبر کو کیا جائے گا اور مذکورہ کرکٹ گراؤنڈ کا نام کرکٹ میں شاہد آفریدی کی خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ مذکورہ خبر ایسے وقت میں منظر عام پر آئی ہے جب چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں کہ اچھی کارکردگی کی بنیاد پر شاہد خان آفریدی کو ٹیم میں دوبارہ شامل کیا جا سکتا ہے۔