کینبرا(آن لائن )آسٹریلوی کرکٹر ایڈم ووگس سر پر باؤنسر لگنے کے باعث زخمی ہوگئے اور بے ہوش ہوکر گراؤنڈ میں گر گئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔آسٹریلیا میں کھیلے جارہے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ایڈم ووگس کو حریف بولر کیمرون اسٹیونسن نے باؤنسر کرایا جس سے ایڈم ووگس نے بچنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے اور گیند ان کے ہیلمٹ پر جالگی جس کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی زمین پر گر گئے اور بے ہوش ہوگئے، امپائرز نے میچ روک کر فوراً میڈیکل ٹیم کو بلایا
جنہوں نے اسٹریچر پر ڈال کر ایڈم ووگس کو اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔دوسری جانب آسٹریلوی کلب کے مینیجر کا کہنا ہے کہ 37 سالہ کھلاڑی ایڈم ووگس کی طبیعت بہتر ہے تاہم وہ پوری طرح سے فٹ نہیں ہیں، ان کے سر میں درد ہے اور وہ اس وقت ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔ ووگس ویسٹرن آسٹریلین ٹیم کے کپتان ہیں اور اس سے قبل بھی وہ سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جب کہ ایک اور میچ میں کمر پر گیند لگنے کے باعث بھی زخمی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ 2 سال قبل آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ’’ شیفلڈ شیلڈ ’’ کے ایک میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے سر میں گیند لگنے کے باعث زخمی ہونے والے نوجوان بلے باز فلپ ہیوز دم توڑ گئے تھے۔