نئی دہلی( آن لائن ) بھارت 29سال کے طویل وقفے کے بعد پانچ میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا اور اس وقت اس کے سامنے کرکٹ کے موجد انگلینڈ کا چیلنج رہے گا۔ ہندستان نے آخری بار 1986-87 ئمیں پاکستان کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کی تھی۔وہ 29 سال بعد اب انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کا اپنا دورہ مکمل کرکے ہندستان کے دورے پر آ چکی ہے۔ ہندستان نے انگلینڈ سے پچھلی سیریز اسی کی زمین پر 2014ئ میں کھیلی تھی جسے انگلینڈ نے اپنی میزبانی میں 3-1سے جیتا تھا۔ہندستان اپنی پچھلی پانچ سیریز میں ناقابل شکست ہے اور اس کے پاس انگلینڈ سے اس شکست کا بدلہ چکانے کا اچھا موقع ہے۔ ہندستان نے 2015ئ میں بنگلہ دیش سے واحد ٹسٹ ڈرا کیا، سری لنکا کو اسی کی زمین پر 2-1سے شکست دی، جنوبی افریقہ کو 2015-16ئمیں اپنی میزبانی میں 3-0سے شکست دی، ویسٹ انڈیز میں 2016 کی سیریز 2-0سے جیتی اور اب نیوزی لینڈ کو حال میں 3-0کی کلین سویپ سے دو چار کیا۔ انگلینڈ نے پہلی بار 1933-34ئ میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت تین میچوں کی سیریز 2-0سے جیت لی تھی۔ہندستان نے پہلی بار پانچ میچوں کی سیریز 1947-48ئمیں آسٹریلیا میں کھیلی تھی۔ہندستان نے پہلی بار پانچ میچوں کی سیریز کی میزبانی 1948-49ئمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف کی تھی۔ اپنی ٹسٹ تاریخ میں ہندستان 20 مرتبہ پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کر چکا ہے۔