لاہور ( این این آئی) ڈینگی مچھر نے کرکٹرز پر بھی حملے شروع کر دیئے ، یونس خان کے بعد پاکستانی وکٹ کیپر عدنان اکمل بھی ڈینگی کا شکار ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستانی وکٹ کیپر عدنان اکمل ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے بخار مبتلا ہوگئے ہیں اور اس وقت نیشنل ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ این ایس ون ٹیسٹ پوزیٹو آنے پر عدنان اکمل کے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، ان کا علاج جاری ہے جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔اس سے قبل اکتوبر کے شروع میں یونس خان ڈینگی بخار کے باعث کافی دن ہسپتال میں زیر علاج رہے، اس دوران ان کے وزن میں 6 کلو کمی بھی آئی اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈینگی بخار کے باعث پہلا ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بروقت انتظامات کی وجہ سے موذی مچھر کے کاٹنے سے متاثرہ مریضوں میں کافی زیادہ کمی آئی ہے ، سپرے مہم اور چھاپہ مار ٹیمیوں نے ڈینگی لاروا کی پیدائش کو تلف کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔