اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) آئی سی سی کی کرکٹ رینکنگ کے بعد اب سیلری رینکنگ بھی جاری کردی گئی ماہوار تنخواہ کے معاملے میں سب سے امیر انگلش اور غریب زمبابوین کرکٹرز، اس رینکنگ میں بھی پاکستان ہے آٹھویں نمبرپر ،کرکٹ کے موجد انگلش کھلاڑی پیسوں کے معاملے میں بھی شہنشاہ۔ سب سے زیادہ گورے کرکٹرز کی تنخواہ اٹھہتر لاکھ روپے ہے جبکہ کپتان نوے لاکھ روپے کماتا ہے اور کل گیارہ کھلاڑی کنٹریکٹ میں شامل ہیں۔ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے جس کے انیس کھلاڑی ماہوار تہتر لاکھ روپے کماتے ہیں۔ دنیا کے سب سے امیر بھارتی بورڈ کے کرکٹرز اس رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں جس میں اٹھائیس کرکٹرز شامل ہیں اور سب سے زیادہ تنخواہ سولہ لاکھ روپے ہے۔چوتھے نمبر کے جنوبی افریقہ سینٹرل کنٹریکٹ میں گیارہ کرکٹرز ہیں اور سب سے زیادہ تنخواہ بارہ لاکھ روپے ہے۔ پانچویں نمبر پر نیوزی لینڈ سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں بیس کرکٹرز ہیں جن کی تنخواہ بھی قریبا بارہ لاکھ روپے ہے۔ ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ویسٹ انڈیز اس لسٹ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ بارہ کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹڈ ہیں اور بڑی آمدن گیارہ لاکھ روپے ہے۔ اس لسٹ میں ساتویں رینکنگ کے سری لنکا سینٹرل کنٹریکٹ میں پندرہ کھلاڑی شامل ہیں اور بڑی تنخواہ آٹھ لاکھ روپے ہے۔ون ڈے کی آٹھویں رینکنگ والی قومی ٹیم اس لسٹ میں بھی آٹھویں نمبر پر ہیں جہاں انتیس کھلاڑی شامل ہیں اور اے کیٹگری کے کھلاڑی پانچ لاکھ روپے ماہوار کما لیتے ہیں۔ بنگلہ دیش کی رینکنگ نویں ہے جہاں سینٹرل کنٹریکٹ میں چودہ کھلاڑی شامل ہیں اور سب سے زیادہ تنخواہ اڑھائی لاکھ روپے ہے۔ اس لسٹ میں سب سے آخری نام زمبابوے کا ہے جہاں بڑی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہے۔