کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے چار غیر ملکی کرکٹرز پاکستان پہنچ گئے ،جونٹی رہوڈز ، ڈیمن مارٹن ، اینڈی رابرٹس اور ڈینی موریسن آج سے پاکستانی کرکٹرز کے ٹرائل لیں گے اور انتخاب کے بعد ٹیمیں بنا کر میچز کروئے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ چاروں غیر ملکی کرکٹرز پاکستان میں ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اس دوران پاکستانی کرکٹرز کے ٹرائل لیں گے ۔ ٹرائل کے بعد مختلف ٹیمیں بنا کر میچز بھی کھیلے جائیں گے ۔ کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جونٹی رہوڈز کا کہنا تھا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے ، امید ہے جلد انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان واپس آئیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ایسا ٹیلنٹ تلاش کرلیں گے جو پوری دنیا کو چونکا دے ۔ جونٹی رہوڈز کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں فیلڈنگ اہم کردار ادا کرتی ہے ، جونٹی روڈز ایک ہی تھا اور ایک ہی کافی ہے ۔ اینڈی رابرٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز فاسٹ بولرز کی سرزمین ہیں ، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے کھلاڑیوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔