ڈھاکا( آن لائن ) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کئی پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے، شاہد آفریدی رنگپور رائیڈرزکی جانب سے رنگ جمائیں گے۔شرجیل خان اور بابر اعظم بھی اپنے ہم وطن سپر اسٹار کی ٹیم میں ہوں گے، کرس گیل نے پانچ میچز کیلیے چٹاگانگ وکنگز سے معاہدہ کرلیا، ان کے ساتھ شعیب ملک بھی کھیلیں گے، سہیل تنویر اور عماد وسیم کومیلا وکٹورینز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے، 31 غیرملکی کھلاڑیوں نے 30 ستمبر کو شیڈول ڈرافٹ سے پہلے ہی 7 فرنچائزز سے معاہدے کرلیے، مصباح الحق، محمد حفیظ اور احمد شہزاد ڈرافٹ میں شریک ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق بی پی ایلکے اگلے ایڈیشن کا آغاز4 نومبر سے ہورہا ہے، جس کے لیے پلیئرز کا ڈرافٹ 30 ستمبر کوشیڈول ہے، اس سے پہلے 31 غیرملکی کھلاڑیوں نے 7 فرنچائزز سے معاہدے کرلیے ہیں۔ رنگپور رائیڈرز نے شاہد خان آفریدی کی خدمات اپنے نام کیں جو اس سے قبل سلہٹ کی جانب سے کھیلے تھے، ان کے ساتھ شرجیل خان، بابر اعظم، محمد شہزاد، ڈاؤسن شناکا، 19 سالہ ویسٹ انڈین بیٹسمین گڈرون پوپ اور انگلش پیسر رچرڈ گلیسن بھی اسی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔دفاعی چیمپئن کومیلا وکٹورینز نے عماد وسیم، سہیل تنویر اور تھشارا پریرا سے معاہدہ کیا،اشعر زیدی اور نوان کولاسیکرا کو برقرار رکھا گیا ہے، عماد پہلی بار بی پی ایل کھیلیں گے جبکہ سہیل اس سے قبل رنگپور کا حصہ تھے۔ چٹاگانگ نے کرس گیل کی خدمات حاصل کیں جو ایونٹ کے آخری حصے میں صرف پانچ میچز کیلیے دستیاب ہوں گے، ان کے ساتھ شعیب ملک بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں، پاکستانی آل راؤنڈر گذشتہ سیزن میں کومیلا کی جانب سے کھیلے تھے، محمد سمیع راجشاہی کی ٹیم میں شامل ہیں۔پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ اور احمد شہزاد ڈرافٹ میں شامل ہوں گے، انھیں غیرملکی کھلاڑیوں کی اے کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اے کیلیے زیادہ سے زیادہ سیلری کی حد 70 ہزار ڈالر ہے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں شامل کھلاڑی بالترتیب 50، 40 اور 30 ہزار ڈالر تک کما سکتے ہیں