میرپور( آن لائن ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بلے باز صابررحمٰن کو افغانستان کے خلاف میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر وضاحت طلب کرنے پر میچ فیس کا 30 فی صد جرمانے کے ساتھ ساتھ تنزلی کے 2 پوائنٹس بھی دیے گئے۔بنگلہ دیش نے افغانستان کے خلاف میرپور میں گزشتہ روز کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں بمشکل 7 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔افغانستان کی بیٹنگ کے دوران پانی کے وقفے کے بعد صابر رحمٰن نے امپائر کی جانب سے ایل بی ڈبلیو پر کئے فیصلے پر استفسار کیا اور اس پر قابل اعتراض جملے ادا کئے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صابررحمٰن کو قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔واضح رہے اگر صابررحمٰن اگلے 24 مہینوں میں مزید چاریا اس سے زیادہ تنزلی کے پوائنٹس ملے تو یہ معطلی کے دو پوائنٹس میں تبدیل ہوں گے جس کے مطابق ایک ٹیسٹ میچ یا دو ایک روزہ یا دو ٹی ٹوئنٹی میچوں سے معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے باقاعدہ دورے پر موجود ہے جہاں مزید دو ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، سیریز کا دوسرا میچ 28 ستمبر کو ڈھاکا اور تیسرا اور آخری میچ یکم اکتوبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔