اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کھلاڑی پوری دنیا میں اپنے جارحانہ رویے کے باعث جانے جاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ واقعہ گزشتہ دنوں برسبن میں جاری آسٹریلیا اور بھارت کی اے ٹیموں کے مابین کھیلے جار رہے میچ میں ہوا ۔ جس میں آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر جو برنز اور اے ٹیم کے دوسرے مایہ ناز ان فارم بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو بھارتی پیسر شاردل ٹھاکر نے گیند پھینکنے کے بعد دوبارہ گیند کو پکڑ زوردار طریقے سے نشانہ لے کر دے مارا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی بالر نے پہلے کیمرون بینکرافٹ کو اپنا نشانہ بنایا جب انہوں نے اپنی ہی بال کو فیلڈ کر کے پکڑا اور غصے میں آسٹریلوی بلےباز کو کھینچ کر دے مارا ، جبکہ دوسری بار بھارتی پیسر نے آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز جو برنز کو بھی اسی طریقے سے اپنی ہی بال کی فیلڈنگ کرنے کے بعد ٹانگ کا نشانہ لے کر دے مارا جس سے جو برنز معمولی زخمی بھی ہو گئے ۔
بھارتی پیسر نے پہلے واقعہ کی معافی مانگی جبکہ دوسری بار گیند مارنے کے بعد ڈرامہ کرتے ہوئے فوری طور پر امپائر سے آؤٹ کی اپیل بھی کر ڈالی ، مگر جو برنز کے واضح طور پر آؤٹ ہونے کے کوئی امکانات نہیں تھے جس کے بعد آسٹریلوی میڈیا پر بھارتی پیسر کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔