لاہور(آئی این پی)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی )کے چیئر مین شہریار خان نے عمراکمل اور احمدشہزاد کی معافی قبول تے ہوئے کہا ہے کہ دونوں اچھے کھلاڑی ہیں،چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عمراکمل کو خودبلاکربات کی جبکہ احمد شہزادکو بھی سمجھایا ان کی سلیکشن پرکوئی قدغن نہیں،اچھی کارکردگی کی بنیادپر وہ ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈکے خلاف ون ڈے سیریز میں قومی بیٹسمینو ں کے ناقص کھیل نے بورڈکو ایک بارپھر بگڑے کرکٹرزکی جانب دیکھنے پر مجبورکردیاہے۔پی سی بی چیف شہریارخان نے لاہوروائٹس کی جانب سے راولپنڈی ریمزکے خلاف115رنز کی ناقابل شکست سنچری داغنے والے عمراکمل کے ساتھ احمدشہزادکو بھی کلین چٹ دیتے ہوئے ان کی سلیکشن پر لگاقدغن ہٹادیا ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہناتھا کہ دونوں کھلاڑیوں کے متعلق سابق ہیڈکوچ وقاریونس کی شکایات اپنی جگہ مگر دونوں کرکٹرزکے مسائل کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے،البتہ یہ دونوں اچھے کھلاڑی ہیں ،اس لئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عمراکمل کو خودبلاکربات کی جبکہ احمد شہزادکو بھی سمجھایا۔اب ہم نے دونوں کی معذرت قبول کرلی ہے،اب ان کی سلیکشن پرکوئی قدغن نہیں،اچھی کارکردگی کی بنیادپر وہ ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔