کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ یہ واحد ملک ہے جہاں وزیراعظم مداخلت کرکے اپنا بندہ کرکٹ بورڈ میں بٹھا دیتا ہے، یہ وزیراعظم کا کام نہیں ہے کہ کرکٹ بورڈ میں سفارش پر بندے بٹھائیں، وزیراعظم نجم سیٹھی کو کپتان بنا دیں شاید ون ڈے کرکٹ کی کارکردگی بہتر ہوجائے۔لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد ہم سب کے لیے مثال تھے، حکومت کو حنیف محمد کی مدد کرنی چاہیے تھی۔منگل کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں لیجنڈ کرکٹر حنیف محمدمرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرکٹرحنیف محمد پاکستان کا اہم اثاثہ اور ہمیشہ میچ ونر تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، انہوں نے اپنے کھیل سے ملک کا نام روشن کیا،ان میں بہترین بیٹسمین کی تمام خصوصیات موجود تھیں۔عمران خان نے کہاکہ اس دور میں پاکستان کی بیٹنگ کا انحصار صرف حنیف محمد پر تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ کو حنیف محمد کی یاد تازہ رکھنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ حنیف محمد تمام کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل تھے،حکومت کو ان کی مدد کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ حنیف محمد عظیم کرکٹر تھے، وہ مجھ سے پہلے ریٹائرڈ ہوچکے تھے، ٹیلنٹ،ٹمپرامنٹ، تکنیک میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کوکوئی حق نہیں ہے کہ وہ اپنے سفارشی کو کرکٹ بورڈ میں لگائیں، جب تک کرکٹ کو ادارہ نہیں بنایا جائیگاکرکٹ میں بہتری نہیں ہوگی،حکومت کو حنیف محمد مرحوم کے نام سے کوئی اسٹیڈیم منسوب کرنا چاہیے۔لٹل ماسٹرحنیف محمد کے گھر کے باہر عمران خان نے سیاسی باتوں سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی باتیں نشتر پارک کے جلسے میں کروں گا۔