لاہور( این این آئی)بالنگ کوچ اظہرمحمودنے کہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ میں ہمارے لئے نہایت ہی مایوس کن وقت ہے،ہم مسلسل غلطیاں کررہے ہیںاورہم جب ان سے سیکھیں گے تو حالات بدل جائیں گے۔ایک انٹر ویو میں اظہر محمود نے کہا کہ یہی غلطیاں انگلینڈنے گزشتہ ورلڈکپ کے دوران کی تھیں تو پہلے ہی رائونڈ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی لیکن اب انگلینڈ کی ٹیم ذہنی طورپربالکل مختلف ہے اورہمیںبھی یہی چیز کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنی سوچ اور ذہن تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔اظہرمحمود کا کہناتھا کہ انگلینڈکی ٹیم اس وقت تبدیل ہوناشروع ہوئی جب ہیڈکوچ پیٹرمورس کے جانے کے بعد پال فربریس نے چارج سنبھالا۔اس وقت وہ لوگ صرف یہی سوچتے تھے کہ ہمارے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں ہے،ہمیں بس صرف میدان میں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہارکی ضرورت ہے اسی عرصے میں جیسن روئے،ایون مورگن اور جوزبٹلر نے بغیر کوئی وقت ضائع اپنے کھیل کا انداز تبدیل کیا اور اب انگلینڈ کی ٹیم ایک بہترین دستے میں تبدیل ہو چکی ہے جو کھیل کوبھرپورطریقے سے سمجھتی ہے ۔اگر ہم بھی خودکو جلدہی جدید طرز کی کرکٹ میں ڈھالناچاہتے ہیں تو ہمیں بھی ایسے ہی لڑکوں کی فوری ضرورت ہے۔