اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی حکومت نے انگلینڈ کیخلاف قومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے سیریز میں بد ترین شکست کا نوٹس لیتے ہوئے برازیل میں ہونیوالی اولمپک گیمز میں پاکستانی دستہ کی مایوس کن کارکردگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا تھ اکہ حکومت بدترین شکست پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی، کھیلوں کی موجودہ صورتحال کی بہتری اور سپورٹس تشخص کی بحالی سمیت عالمی اعزازات کے حصول کیلئے سفارشات مرتب کرکے منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھجوائی جائے گی ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز و کوارڈنیشن اعظم ڈار کی جانب سے جاری ہونیوالی تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ کی صدارت میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں کھیلوں کی موجودہ صورتحال ، ریو اولمپکس گیمز میں پاکستانی دستے کی کارکردگی اور قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں خراب کارکردگی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ راجہ نادر علی ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر نے کھیلوں کے موجودہ معیار اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ انگلینڈ کیخلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کی بد ترین شکست پر حکومت کو سخت تشویش ہے ۔ ریاض پیر زادہ نے کہاکہ پاکستان کو اس طرح کی صورتحال کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا، حکومت بدترین شکست پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی اور اپنے کھوئے ہوئے اعزازات کو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی وفاقی وزیر نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اورپاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ کھیلوں کی موجودہ صورتحال اور سپورٹس تشخص کی بحالی کے لئے فوری طور پر رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں سپورٹس سیمینار منعقد کروائے جس میں تمام فریقین سے مشاورت کے بعد سپورٹس کی ترقی اور عالمی اعزازات کے حصول کے لئے سفارشات مرتب کر کے وزیر اعظم کو بھیجی جائیں گی۔