لاہور(آئی این پی) پاکستانی نژاد برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے پر امن ملک ہے ، باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے بس اس کو نکھارنے کی ضرورت ہے‘پاکستان کو باکسنگ میں بلندیوں پر لے جانا چاہتا ہوں‘میری بیوی مجھے اردو سیکھاتی ہے ، اردو اتنی زیادہ بولنی نہیں آتی لیکن کوشش ضرور کرتا ہوں‘بیوی بہت کہتی ہے کہ اب باکسنگ کو خیرآباد کہہ دو لیکن میرا ابھی بہت کیرئیر باقی ہے‘ میری اگلی فائٹ آئندہ سال جنوری یا فروری میں ہوگی۔ لاہور میں ایک انٹر ویو کے دوران عامر خان نے کہا کہ سترہ سال کی عمر سے اولمپکس میں شرکت کر کے کامیابیوں کا سلسلہ شروع کیا، پاکستانی کھیلوں کے لیے پر امن ملک ہے یہاں کے لوگ بہت اچھے دل کے مالک ہیں ، میرا تعلق راولپنڈی سے ہے تو ہم چھوٹی عمر سے گرمیوں کی چھٹیاں پاکستان میں گزارتے تھے اور اس وقت سے پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے کرکٹ سے لگاؤ ضرور ہے میں فاسٹ باؤلنگ کرتا تھا لیکن پروفیشن اور جنون باکسنگ سے ہی وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جیتنے سے زیادہ مشکل ٹائٹل کا دفاع کرنا ہوتا ہے کیونکہ آپ ذہن میں سوار کر لیتے ہیں کہ اس فائٹ کو کسی صورت نہیں ہارنا ہے پاکستان اور انگلینڈ سے قطع نظر پوری دنیا کے مسلمان مجھے سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ میں مسلمان ہوں ۔