ایجیسٹن (نیوز ڈیسک) برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اظہر علی اور سمیع اسلم کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 257 رنز بنا لیے تھے۔پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 42 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔جمعرات کو جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو اظہر علی 139 رنز بنا کر دن کی آخری گیند کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ یونس خان 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔نگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اظہر علی نے 209 گیندوں پر دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی دسویں سنچری مکمل کی اور میدان پر مصباح الحق کی طرح ڈنڈ نکال کر خوشی کا اظہار کیا۔سمیع اسلم نے اپنی پہلی نصف سنچری سکور کی اور 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 181 رنز بنائے۔سیریز میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سمیع اسلم اپنی پہلی نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے۔کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان نے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جیمز اینڈرسن کے پہلے ہی اوور میں جو روٹ نے سلپ میں اظہر علی کا کیچ چھوڑ دیا۔پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند پر کیچ ہوگئے۔اس سیریز کے دوران حفیظ کوئی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں اور اس میچ سے قبل بھی ان کی سلیکشن پر اعتراضات سامنے آئے تھے۔انگلینڈ کی ٹیم میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔میزبان ٹیم کی جانب سے گیری بیلنس اور معین علی نے نصف سنچریاں بنائیں۔ بیلنس 70 جبکہ معین علی 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ الیسٹر کک نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔