ریو ڈی جنیرو(آئی این پی)کھیلوں کا عالمی میلہ سجنے میں صرف ایک دن رہ گیا۔ ریو کے شہریوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔ اولمپکس کا شیدائی ساٹھ سالہ چینی کسان ٹرائی سائیکل پر ریو ڈی جنیرو پہنچ گیا۔ افتتاحی تقریب کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اولمپکس کا بخار چڑھنے لگا۔ اولمپکس کے دیوانے ریو پہنچنا شروع ہو گئے۔ چین کا ساٹھ سالہ کسان چین گوان منگ ٹرائی سائیکل پر ہی ریو پہنچ گیا۔ ریو اولمپکس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔تقریب کی میزبانی کرنے والے سٹیڈیم میں آزمائشی طور پر آتش بازی کا مظاہر ہ کیا گیا۔ اولمپکس میلہ سجنے پر ایک طرف منتظمین خوش ہیں تو دوسری طرف ان کے مسائل ابھی تک ختم نہیں ہو سکے۔ اولمپک ٹارچ ریو پہنچنے پر شہریوں کے مظاہرے نے پولیس کو آنسو گیس استعمال کرنے پر مجبور کر دیا۔