منیلا، اسلام آباد( مانیٹرنگ )پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر علومی کریم شاہین نے ہندوستان کے یادوندر سنگھ کو ورلڈ سیریز آف گلوبل چمپیئن شپ میں شکست دے دی۔گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے علومی گزشتہ 5سالوں سے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں ۔گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے علومی کریم کو فلپائن کے شہر منیلا کے اسمارٹ آرنیٹا کولیسیوم میں منعقدہ مقابلے کے بعد متفقہ فیصلے پر ہندوستانی فائٹر کے خلاف فاتح قرار دیا گیا۔25 سالہ علومی کریم پاکستان کے سرفہرست ایم ایم اے فائٹر ہیں جبکہ انڈر گراؤنڈ بیٹل کی بیلٹ چمپیئن شپ بینٹیم ویٹ61 کے بھی چمپیئن ہیں۔علومی کے بڑے بھائی احتشام کریم اسلام آباد میں فائٹ فورٹریس کلب کے سربراہ ہیں، جنھوں نے علومی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ وہ اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔پاکستان کے ایک اور ایم ایم اے فائٹر احمد مجتبیٰ نے پہلے مرحلے میں فلپائن کے نیل لیرینو کو شکست دی تھی۔احتشام کا ماننا ہے کہ دونوں پاکستانی فائٹر ایونٹ میں کسی بھی دوسرے فائٹر کو چیلنج کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔واضح رہے علومی اور مجتبیٰ گزشتہ پانچ سالوں سے ایم ایم اے کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔