اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمرگل کی قیادت میں اسلام آباد کی ٹیم نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو حاصل کرلیا جہاں وہ عمرگل کی کپتانی میں کھیلیں گے۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا انعقاد 25 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان راولپنڈی اور ملتان میں ہوگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔لاہور میں ٹورنامنٹ کی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل ڈرافٹنگ کے ذریعے مکمل کیا جارہا ہے۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں پاکستان کی قیادت کرنے والے مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں فاسٹ باؤلر عمرگل کی زیرقیادت کھیلیں گے۔انگلینڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق کراچی وائٹس کی نمائندگی کریں گے اور وہ بھی اپنے جونیئر کی قیادت میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔42 سالہ مصباح الحق نے2012 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کیا تھا تاہم وہ اس ٹورنامنٹ میں اکبر رحمٰن کی قیادت میں کھیلیں گے۔ٹورنامنٹ میں لاہور اور کراچی کی دو ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ اسلام آباد، فاٹا، پشاور اور راولپنڈی کی ایک، ایک ٹیم شامل ہوگی۔